ایٹگا ،3جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چوتھے ون ڈے میں ہندوستان ویسٹ انڈیز سے 11رنز سے ہار گیا۔190رنز کا تعاقب کرنے اتری ٹیم انڈیا صرف 178رنز ہی بنا پائی۔سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اس مشکل پچ پر آخر تک ڈٹے رہے، لیکن وہ ٹیم کو جیت کی دہلیز پر لے جانے میں ناکام رہے۔دھونی نے کافی سست اننگز کھیلی، جس کی تنقید بھی ہو رہی ہے۔مہندر سنگھ دھونی نے 114گیندوں میں صرف 54رنز بنائے، جس میں صرف ایک چوکا شامل ہے۔دھونی کااسٹرائک ریٹ صرف 47کا ہی رہا۔دھونی نے اپنا پہلا چوکا 103گیندوں کے بعد لگایا لیکن آخری اوور سے پہلے ہی دھونی چلتے بنے۔
دھونی نے 108گیندوں میں اپنے 50رن پورے کئے۔مہندر سنگھ دھونی کی یہ سب سے سست ون ڈے نصف سنچری تھی، وہیں کسی ہندوستانی کی جانب سے یہ دوسری سب سے سست نصف سنچری تھی۔سداگوپن رمیش کے نام ہندوستان کی جانب سے سب سے سست نصف سنچری کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 1999میں پاکستان کے خلاف 200گیندوں میں 82رنز بنائے تھے تو وہیں سورو گنگولی نے بھی ایک بار 105گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی۔
آپ کو بتا دیں کہ ویسٹ انڈیز نے ٹیم انڈیا کو انٹیگا میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں 11رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں اپنی امیدیں برقرار رکھی ہیں،اب ہندوستان کو سیریز جیتنے کے لئے آخری ون ڈے میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا،اگرچہ وہ سیریز نہیں ہار سکتا۔ویسٹ انڈیز فی الحال 1-2سے پیچھے ہے، ایسے میں ان کی کوشش آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی ہوگی، میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 50اوور میں 9وکٹ گنوا کر 189رنز بنائے اور ٹیم انڈیا کو جیت کے لئے 190رنز کا ہدف دیا۔آسان سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا 49.4اوور میں 178پر ہی ڈھیر ہو گئی اور یہ میچ 11رنز سے ہار گئی۔